وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری کے میدان میں واپسی

 اداکارہ  وینا ملک نے تصدیق کی ہے کہ وہ 7 سال بعد جلد ہی اسکرین پر اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔تاہم گزشتہ 7 سال سے انہیں کسی بھی ڈرامے یا فلم میں نہیں دیکھا گیا، البتہ انہیں ٹی وی پر میزبانی کرتے ہوئے یا پھر بطور مہمان پروگرامات میں شامل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔اب اداکارہ 7 سال بعد اسکرین پر دوبارہ ایکشن میں دکھائی دیں گی لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ وہ اسی سال پردے پر نظر آئیں گی یا پھر اس میں مزید وقت لگے گا؟

وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی اسٹرینگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ کی سیاسی و سماجی مسئلے پر بنی سیریز میں نظر آئیں گی۔مزاحیہ انداز میں سیاست و سماجی حالات پر بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی معروف مزاحیہ لکھاری ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے لکھی ہے۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ منصوبہ پہلے کسی اور چینل یا پلیٹ فارم کے لیے بنایا جا رہا تھا لیکن اب اسے ’اردو فلکس‘ کے لیے بنایا جائے گا۔وینا ملک کے مطابق مذکورہ سیریز کے علاوہ بھی ان کے چند دیگر اہم منصوبے جلد شروع ہوں گے لیکن انہوں نے ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال تک اچھا کام نہ ملنے کی وجہ سے متعدد منصوبوں کو مسترد کر چکی ہیں لیکن اب انہیں اپنی مرضی کا اچھا کام مل گیا۔

وینا ملک کے مطابق انہوں نے چند ریئلٹی شوز کی پیش کش بھی ٹھکرائی لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں شوز کی آفرز پاکستان سے ہوئیں یا پھر سرحد پار سے؟

انہوں نے اپنی سیریز سے متعلق مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز میں ملک کے سیاسی و سماجی مسائل کو مزاحیہ و ہلکے پھلکے انداز میں سامنے لایا جائے گا۔

Visit To News Source
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments