جنوبی ایشیا کے سات ممالک میں کرونا کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے متجاوز

جنوبی ایشیا کے ممالک میں، جن میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہیں، دنیا بھر میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں سے 11 فی صد کیسز رپورٹ ہوئے۔

جنوبی ایشیا میں ہفتے کو رپورٹ کیے جانے والے کرونا کیسز کے بعد خطے میں موجود سات ممالک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور بھارت ان ممالک میں سرِ فہرست ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممالک میں، جن میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہیں، دنیا بھر میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں سے 11 فی صد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جب کہ دنیا بھر میں اس مہلک وبا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے چھ فی صد ہلاکتیں ان جنوبی ایشیائی ممالک میں ہوئیں۔

خیال رہے کہ دنیا کی کل سات ارب 59 کروڑ آبادی کا 23 فی صد حصہ ان ممالک میں رہائش پذیر ہے۔

دنیا بھر میں کرونا کیسز کی تعداد کے حساب سے امریکہ اور برازیل کے بعد بھارت تیسرے نمبر پر ہے،جہاں جنوبی ایشیا کے سات ممالک میں سامنے آنے والے کیسز میں سے 84 فی صد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

دنیا کے دوسرے گنجان آباد ملک بھارت میں ہفتے کو کرونا کے مزید ایک لاکھ 45 ہزار 384 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ دنیا بھر میں سامنے آنے والے یومیہ کیسز میں سب سے زیادہ ہیں۔

بھارت میں ہفتے کو وبا کے سبب مزید 794 اموات بھی ہوئیں۔

حکومت کے مطابق کرونا کیسز میں حالیہ اضافے کی وجہ لوگوں کا بڑے اجتماعات میں شریک ہونا اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے۔

بھارت میں لگ بھگ 40 لاکھ لوگوں کو یومیہ ویکسین لگائے جا رہی ہے۔ جب کہ اکثر ریاستوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے مطلوبہ تعداد میں ویکسین فراہم نہیں کی جا رہی۔

بھارت کا مغربی ہمسایہ ملک پاکستان اس خطے میں وبا سے دوسرا متاثرہ ملک ہے اور ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے۔

پاکستان میں اب تک اس وبا کے سبب لگ بھگ سات لاکھ افراد متاثر جب کہ 15 ہزار اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان میں حالیہ 10 دنوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت انتہائی نگہداشت وارڈز میں داخل مریضوں کی تعداد وبا پھوٹنے کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

بنگلہ دیش میں بھی کرونا وائرس کے لگ بھگ یومیہ سات ہزار اموات رپورٹ کی گئی ہیں اور اس وبا سے بنگلہ دیش میں اب تک چھ لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی طرف سے بنگلہ دیش کو ‘ایسٹرا زینیکا’ کی 12 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں۔

’رائٹرز‘ کے مطابق ان ممالک میں جمعے تک نو کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جا چکی ہے۔

0 0 vote
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments